بھٹکل 13 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں نوائط محفل کے زیراہتمام اتوار شام 4:45 بجے مینگلور کی مصنفہ ہرشا شنکر بھٹ کی تحقیقی کتاب نوائطی آف بھٹکل کا اجراء ہوگا جبکہ اسی رات نو بجےنوائطی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے دوران مرحوم قومی شخصیات پر کوئیز پروگرام بھی ہوگا۔ اس بات کی اطلاع نوائط محفل کے صدر جناب محتشم جان عبدالرحمن نے دی۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب عبدالرحمن نے بتایا کہ نوائط محفل کے یہ پروگرامس بھٹکل کے پرانے محلہ مشما اسٹریٹ میں رکھے گئے ہیں جس کے لئے مینگلور سے وشوکوکنی سینٹر کے کئی ذمہ داران بھی شرکت کریں گے۔ جبکہ بھٹکل سے مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی اور جناب مُنیری عتیق الرحمن بھی مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما ہوں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ کثیر تعداد میں ان پروگراموں میں شریک ہوکران پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔